کراچی میں پولیس نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے مبینہ قتل کا منصوبہ ناکام بنا دیا، ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ایک پستول برآمد کرلیا ۔کراچی کی سعود آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرکے قتل کی واردات کی منصوبہ بندی کرنے والے 2 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر پولیس نے اردو نگر قبرستان کے قریب کارروائی کی، گرفتار ملزمان مبینہ طور پر میاں بیوی کی تاک میں موجود تھے۔گرفتار ملزمان کی شناخت غلام فاروق اور علی کے نام سے ہوئی، واقعے کی وجہ پسند کی شادی پر پیدا ہونے والی رنجش بتائی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ خان پور میں پسند کی شادی کرنے والی خاتون پر ڈی ایس پی آفس کے سامنے اہلخانہ کی جانب سے مبینہ تشدد اور اغوا کی کوشش کی گئی۔متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ عدالت میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے آئی تھی، جہاں خاتون کے مطابق اس کے والد، بھائی، کزن اور دیگر رشتہ داروں نے مبینہ طور پر اسے اغوا کرنے کی کوشش کی۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں خاتون کو زبردستی موٹرسائیکل پر لے جانے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ متاثرہ خاتون نے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی