کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں کے دوران مبینہ مقابلوں میں 5 زخمیوں سمیت 6 ڈاکوئو ں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق مومن آباد کے علاقے الفتح کالونی میں ہونے والے مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکوئو ں کو گرفتار کیا گیا، جن میں زخمی ملزم شعیب عباسی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ دوسرے ملزم محمد عباسی کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ دوسری کارروائی فیروزآباد کے علاقے ہل پارک کے قریب کی گئی، جہاں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد کار لفٹر شاہ رخ ڈان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے رضویہ کے علاقے سے چوری کی گئی گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔اسی طرح پہلوان گوٹھ کے قریب ایک ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں واردات کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکو چار شہریوں سے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ سیکیورٹی کمپنی کے انچارج شہزاد نے لائسنس یافتہ اسلحہ سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں آصف نامی ملزم زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی آفتاب فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔مزید برآں بفرزون سیکٹر 16 کے بی آر قبرستان کے قریب ہونے والے ایک اور مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ادھر گلبرگ میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق کارروائی اپوا گرلز کالج گرائونڈ، کریم آباد میں کی گئی، جہاں ملزم کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد قابو کیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عابد کے نام سے ہوئی ہے۔زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی