i پاکستان

کراچی پولیس اور پنجاب سی سی ڈی کے ہاتھوں مبینہ مقابلوں میں 10ڈاکو ہلاکتازترین

May 05, 2026

پنجاب میں سی سی ڈی اور کراچی پولیس کے ہاتھوں تین الگ الگ مبینہ مقابلوں میں 10 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔تفصیل کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں 5 ڈاکو مارے گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، کار اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، ملزمان عادی جرائم پیشہ تھے، جن کی شناخت ندیم، سرفراز، نوید، آصف اور غلام عباس کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کے بیان کے مطابق خفیہ اطلاع پر نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے یہ کارروائی کی، ملزمان کار اور موٹر سائیکل پر سوار تھے، پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں پانچ ڈاکو مارے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 20 اپریل کو خواجہ اجمیر نگری میں ڈکیتی مزاحمت پر دودھ کے تاجر کو قتل کیا تھا، اور یہ ملزمان بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹا کرتے تھے، ملزمان ہائی پروفائل کرمنل تھے، مزید ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب پنجاب کے شہر چنیوٹ میں کائو نٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اور ڈاکوئو ں میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 ڈاکو ہلاک جب کہ 3 فرار ہو گئے

ڈیپارٹمنٹ نے بیان میں کہا کہ ہلاک ڈاکوں کی شناخت علی حمزہ، نوید اور غلام رضا کے نام سے ہوئی ہے۔سی سی ڈی کے مطابق ڈاکوئوں کے قبضے سے اسلحہ اور ڈکیتی میں لوٹی گئی رقم اور دیگر مال برآمد ہوا ہے، 6 ڈاکو شہری کے گھر ڈکیتی کر کے فرار ہو رہے تھے، ڈاکوئو ں نے ساڑ مراد والا روڈ پر سی سی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی، فائرنگ رکنے پر تین ڈاکو زخمی حالت میں ملے جو بعد میں دم توڑ گئے۔سی سی ڈی نے حسب معمول بیان جاری کیا ہے کہ تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے ہیں، جو چوری و ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ادھر سی سی ڈی جڑانوالہ اور ملزمان میں فائرنگ کے تبادلے میں بھی 2 ریکارڈ یافتہ ملزم مارے گئے ہیں، جن کی شناخت بابر اور لیاقت کے ناموں سے ہوئی ہے۔بیان کے مطابق پولیس ٹیم اشتہاری مجرم بگے کی گرفتاری کے لیے جا رہی تھی کہ 63 گ ب کے قریب 5 نامعلوم ملزمان نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس میں 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے، اور دیگر فرار ہو گئے، زخمی ڈاکو اسپتال منتقلی کے دوران راستے ہی میں ہلاک ہوئے، ملزم بابر 45 جب کہ ملزم لیاقت 9 مقدمات کا ریکارڈ یافتہ تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی