کراچی میں بخاری کمرشل پر واقع ایک کیفے میں چار خواتین اور ایک نوجوان کی جانب سے ایک لڑکی پر وحشیانہ تشدد کا انکشاف ہوا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی غیدا فہد نے واقعے کے خلاف درخشاں تھانے میں قانونی کارروائی کے لئے درخواست جمع کرا دی ۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں چار خواتین اور ایک لڑکے کو کیفے کے اندر لڑکی پر سرعام تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس شدید تشدد کے نتیجے میں متاثرہ لڑکی کے ہاتھ کی انگلی کا ناخن بھی اکھڑ گیا۔متاثرہ لڑکی غیدا فہد نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ وہ حملے کے وقت اپنی دوست ایمان کے ساتھ کیفے میں ڈنر کر رہی تھیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حمید کاکڑ، آمنہ خان، رنزا شاہ اور سنینہ حق نامی افراد اس حملے میں شامل تھے۔ غیدا فہد کے مطابق، تشدد کے دوران ان کا گلا دبا کر انہیں جان سے مارنے اور اغوا کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔متاثرہ لڑکی نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی