کراچی میں بلدیہ ٹائو ن اسپارکو روڈ قبرستان کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگئے۔تفصیل کے مطابق پیر کی صبح موچکو تھانے کے علاقے بلدیہ ٹائون اسپارکو روڈ قبرستان کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جن کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئیں۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 30 سالہ عبدالجبار ولد عبد المجید اور 60 سالہ عبد المجید ولد امیر حمزہ کے ناموں سے کی گئی، حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھا کرکے تفتیش شروع کر دی۔ایس ایچ او موچکو سہیل فاروق کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد آپس میں باپ بیٹا تھے اور موچکو نور گوٹھ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق باپ بیٹا جس موٹر سائیکل پر سوار تھے وہ درست حالت میں موجود ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ موٹر سائیکل سوار سلپ ہوکر اطراف سے گزرتی کسی گاڑی کے نیچے آئے، حادثے کے بعد باپ بیٹے کو کچلنے والی گاڑی اور ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے جس کی تلاش جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی