i پاکستان

کراچی، نادرا سہولت سینٹرز پر ویکسی نیشن فیس کی ہزاروں روپے زائد وصولی کا انکشافتازترین

September 14, 2026

کراچی کے نادرا سہولت سینٹرز پر ویکسی نیشن فیس کیلئے عمرہ زائرین سے ہزاروں روپے زائد وصول کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔رپورٹ کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ پر انفلوائنزا ویکسی نیشن کی فیس 1720اور گردن توڑ بخار ویکسین کی فیس 2785 روپے ہے جو مجموعی طور پر 4505 روپے بنتے ہیں۔ سہولت سینٹر پر سروس چارجز کے طور پر 150 روپے وصول کرنے چاہئیں مگر بیشتر سہولت سینٹرز پر قطاریں لگی دیکھی گئیں اور مجموعی طور پر 6 سے 7 ہزار روپے کی وصول کئے جارہے ہیں۔عمرہ زائرین کی اکثریت کو جدید موبائل فون اور پاک آئی ڈی کے بارے میں معلومات نہیں جس کی وجہ سے بیشتر سینٹرز پر لوٹ مار بہت تیزی سے جاری ہے۔ دو سری جانب کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر انتظامیہ نے عمرہ زائرین کے لئے نادرا سے منسلک ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دینے کی ڈیڈ لائن موخر کرنے کی سفارش کی ہے ۔جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر محمد قاسم کی جانب سے ائیرپورٹ ہیلتھ آفیسر کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ائیرپورٹ ہیلتھ آفس کے 7 ستمبر کے لیٹر کے مطابق 14 ستمبر(پیر) سے بین الاقوامی مسافروں کیلئے نادرا سے مربوط ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دیا جانا تھا۔

اس مقصد کے لئے صرف ایک ڈسپنسری سہولت مختص کی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی عوامی صحت کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے، تاہم مناسب پیشگی اطلاع، آپریشنل ہم آہنگی اور مختلف اداروں کے درمیان مطلوبہ رابطے کے بغیر اس ہدایت پر عمل درآمد جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سنگین انتظامی اور آپریشنل خطرات پیدا کرسکتا ہے۔ خط کے مطابق 7 ستمبر کو ہونے والے فنکشنل کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں بھی متعلقہ فریقوں نے اس ہدایت پر عمل درآمد کی صورت میں پیدا ہونے والے خدشات سے آگاہ کیا تھا، جبکہ چیئرمین ائیرپورٹ آپریشنز کمیٹی کی جانب سے 11 ستمبر کو بھی ان خدشات پر مناسب غور کرنے کی درخواست کی گئی۔ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے سفارش کی ہے کہ ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دینے کی ڈیڈ لائن کم از کم یکم اکتوبر 2026 تک موخر کی جائے تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مسافروں کے لیے قابل عمل اور موثر طریقہ کار حتمی شکل دیا جاسکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی