i پاکستان

کراچی ، موبائل تاجر سے گن پوائنٹ پر 5 لاکھ روپے اور 3 آئی فونز چھین لیے گئے،کار اسنیچر اور منشیات فروش گرفتار، آئس، چھینی گئی گاڑی اور موبائل برآمد،فائرنگ سے اسکول ٹیچر قتلتازترین

July 07, 2026

کراچی کے علاقے عزیزآباد میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک موبائل تاجر سیگن پوائنٹ پر 5 لاکھ روپے نقد اور تین آئی فونز چھین لیے اور باآسانی فرار ہوگئے، اے وی ایل سی نے مبینہ کار اسنیچر اور منشیات فروش کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے آئس، چھینی گئی گاڑی، موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا جبکہ سرجانی ٹائو ن میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے سکول ٹیچر جاںبحق ہوگیا۔تفصیل کے مطابق کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (کے ایم ای ڈی اے) کے مطابق عزیزآباد کے رہائشی اور فاریہ موبائل مارکیٹ کے تاجر حمزہ نادر سے تھانہ عزیزآباد کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کی گئی جس میں ملزمان پانچ لاکھ روپے نقد اور تین آئی فونز لے کر فرار ہوگئے۔ایسوسی ایشن کے مطابق واقعے کے بعد بھی پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے اور لوٹا گیا سامان و رقم برآمد کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ تاجر کا کہنا ہے کہ مجھ سے گن پوائنٹ پر تسلی کے ساتھ موبائل کا پاسورڈ کھلوایا گیا اور اس کے بعد موبائل میں آن لائن بینکنگ کی تمام ایپس کے پاسورڈ پوچھے گئے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ کراچی میں حالیہ دنوں تاجروں کو لوٹنے کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کے باعث تاجر برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد منہاج گلفام نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرے اور لوٹی گئی نقدی اور موبائل فونز برآمد کرائے تاکہ تاجروں میں پائے جانے والے عدم تحفظ کا احساس ختم کیا جا سکے۔

ادھر کراچی میں اے وی ایل سی نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ کار اسنیچر اور منشیات فروش کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے آئس، چھینی گئی گاڑی، موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق ایس ایس پی خالد مصطفی کورائی کی ہدایت پر جمشید ڈویژن کے ڈی آئی او، انسپکٹر انار خان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد احمد ولد خادم حسین کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ فیروز آباد میں سندھ کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹنس ایکٹ 2024 کے تحت مقدمہ پہلے ہی درج تھا۔گرفتاری کے دوران ملزم کے قبضے سے 98 گرام آئس کرسٹل، ایک چوری شدہ سوزوکی آلٹو گاڑی اور ڈکیتی کے دوران چھینا گیا موبائل فون برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی سوزوکی آلٹو تھانہ ساحل میں درج ڈکیتی کے مقدمے میں چھینی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول بھی برآمد ہوا جس پر تھانہ فیروز آباد میں اسلحہ ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کے دو مبینہ ساتھی، محمد عارف اور علی اکبر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیجن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کی توقع ہے۔

دو سری جانب سرجانی ٹائو ن میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان مدثر علی جاں بحق ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول ڈگری کالج کے قریب کا رہائشی تھا اور پیشے کے لحاظ سے اسکول ٹیچر تھا۔ مقتول کی فیملی نے پولیس کو بتایا ہے کہ مدثر علی صبح کے وقت گھر سے اسکول پڑھانے کے لیے نکلا تھا۔تاہم وہ ٹیچنگ کے علاوہ دیگر کام بھی کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول جیسے ہی گھر سے نکلا، پہلے سے گھات لگائے موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اس پر اندھا دھند گولیاں چلا دیں۔پولیس حکام کے مطابق نوجوان کو گردن کے قریب 2 گولیاں لگیں، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ابتدائی شواہد اور تفتیش کے مطابق یہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے جس پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے ورثا تفتیشی عمل میں تعاون نہیں کر رہے اور وہ پوسٹ مارٹم کروائے بغیر ہی لاش ساتھ لے جانے کا اصرار کر رہے ہیں، تاہم ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی