کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کا بدترین بحران پیدا ہوگیا، مرمتی کام کے نام پر شہر کا بڑا حصہ پانی سے محروم ہے اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے جبکہ ٹینکروں کے ذریعے پانی حاصل کیا جا رہا ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال میں 84 انچ قطر آب کامرمتی کام مکمل کر لیاگیا ، پانی کی فراہمی مکمل طورپرشروع کردی جائے گی۔ تفصیل کے مطابق گلشن اقبال بلاک 19 میں 84 انچ قطر آب کی لائن میں رسائوآگیا تھا،جس کامرمتی کام پیر سے شروع کیاگیا جس کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے 200 ملین گیلن یومیہ پانی کم فراہم کیاجارہا تھا۔اطلاعات کے مطابق 84 انچ کی لائن کے مرمتی کام کی وجہ سے شہر میں پانی کانظام درہم برہم ہوکر رہے گیا، شہری پانی کی بوند بوندکو ترس گئے۔ ایک لائن کے مرمتی کام نے شہرکے مختلف علاقوں کورنگی ، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی ،گلشن اقبال ،گلستان جوہر، لیاقت آباد، ناظم آباد، پی آئی بی کالونی، صدر، اولڈسٹی ایریا،محمودآباد،ڈیفنس ،گلہبار سمیت دیگر میں چاردن سے پانی کی فراہمی بند ہے۔
ترجمان کاکہنا تھاکہ آج جمعہ کومرمتی کام مکمل کیاجائے گا، لیکن حیران کن طور پر بدھ کی شام ہی مرمتی کام مکمل کر لیااور لائنوں کی چارجنگ شروع کردی گئی، جلد پانی کی فراہمی شروع ہوجائیگی۔ واضح رہے کراچی میں پانی کابحران روزکامعمول بن گیاہے،شہرکااہم مرکزسوک سینٹر جہاں دوروز پانی کی فراہمی بندہے،جہاں ملازمین اورساحلوں کو شدیدمشکلات کاسامناہے،مساجد میں وضو تک کاپانی نہیں،جبکہ متاثرہ علاقوں میں بھی یہ ہی صورتحال ہے۔جبکہ 84 انچ کی لائن کے مرمتی کام کی وجہ سے لانڈھی اور شیرپائوہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی فراہمی بند ہے،جبکہ صفورہ اور نیپاچورنگی سے بھی شہریوں کو پانی کی فراہمی شدیدمتاثرہے۔ترجمان واٹرکارپوریشن کاکہناہے کہ کراچی واٹرکارپوریشن نے شہرکی مرکزی پانی کی لائن کے مرمتی کام کوکامیابی سے مکمل کر لیا،مرمتی کام مکمل ہونے کے بعددھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر میں پانی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی