کراچی کے علاقے قیوم آباد میں ڈیڑھ سال کی بچی مبینہ زیادتی کے بعد چل بسی، تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم بچی کا محلے دار نکلا۔تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے قیوم آباد میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ڈیڑھ سال کی معصوم بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد دم توڑ گئی۔15 مددگار پولیس ڈیفنس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متوقع ملزم کو اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ 15 مددگار پولیس کو کنٹرول روم کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ قیوم آباد میں ایک کمسن بچی کے ساتھ دل دہلا دینے والی واردات پیش آئی ہے۔اطلاع ملتے ہی مددگار 15 ڈیفنس کی ٹیم نے فورا موقع پر پہنچ کر کالر سے ابتدائی معلومات حاصل کیں۔کالر نے بتایا کہ گرفتار ملزم بچی کے خاندان سے گھریلو تعلقات رکھتا تھا اور اسی بنیاد پر معصوم بچی کو گھر سے باہر گھمانے کے بہانے اپنے ساتھ لے کر گیا تھا، جب وہ بچی کو واپس لے کر آیا تو اس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، جس پر ورثا بچی کو فوری طبی امداد کے لیے نزدیک اسپتال منتقل کرنے میں لگے
جبکہ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم فرار ہو گیا۔ڈاکٹر نے طبی معائنے کے دوران معصوم بچی سے جنسی زیادتی کی تصدیق کی تاہم معصوم بچی دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔واقعے کے بعد 15 مددگار ڈیفنس نے فوری اور تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے فرار ملزم کے گھر پر چھاپا مار کر اسے حراست میں لے لیا۔ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو قانونی تقاضے پورے کرنے اور مزید تفتیش کی غرض سے متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے عزیزآباد کے بھنگوریہ گوٹھ سے ایک خواجہ سرا کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے ضابطے کی کارروائی کے بعد سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی اور بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی