کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوئو ں کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ چار زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی۔لیاقت آباد نمبر 4 میں گجر نالے کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں تقریبا 40 سالہ ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔دوسری جانب عوامی کالونی پولیس نے کورنگی نمبر 5 اسٹاپ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت شعیب شاہ اور اویس تاج کے ناموں سے ہوئی ہے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، تین موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔ادھر شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں نارتھ ناظم آباد بلاک کیو کے علاقے میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جہاں دو مزید ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت ماجد اور شفیق خان کے ناموں سے کی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، ڈیڑھ لاکھ روپے نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی