i پاکستان

کراچی ،کسٹمزحکام کی کارروائی، بیرون ملک سے آنے والا خاندان پکڑا گیا، کروڑوں مالیت کی الیکٹرانکس اشیا برآمدتازترین

March 12, 2026

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے ایک خاندان سے بھاری مالیت کی الیکٹرانکس اشیا برآمد کر لیں۔ رپورٹ کے مطابق کسٹمز عملے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی سے آنے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو روک کر ان کے سامان کی اسکیننگ کی، جس کے دوران بڑی تعداد میں قیمتی الیکٹرانکس اشیا برآمد ہوئیں۔کسٹمز ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی الیکٹرانکس اشیا میں 20 آئی فون 17 پرو میکس، 27 آئی فون 13، 2 آئی فون 14 پرو اور 2 آئی فون 15 پرو میکس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 3 آئی فون 12 پرو میکس، 4 گوگل پکسل 10 پرو، 6 میک بک پرو اور 26 لیپ ٹاپ بھی برآمد کیے گئے۔

حکام کے مطابق ضبط کیے گئے سامان میں 3 ایپل واچ سیریز 11، 5 آئی پیڈ، 5 میک منی اور 5 ایئر پوڈز پرو بھی شامل ہیں جبکہ اس کے علاوہ 267 کنڈل پیپر وائٹ ڈیوائسز بھی کسٹمز تحویل میں لے لی گئیں۔کسٹمز حکام کے مطابق ضبط کی گئی تمام الیکٹرانکس اشیا کی مجموعی مالیت تقریبا 3 کروڑ 40 لاکھ روپے بنتی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد میں سید انور اور زرقا سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد شامل ہیں جن کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔ کسٹمز حکام نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی