کراچی میں کیماڑی انویسٹی گیشن پولیس نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی مسرور احمد جتوئی کے مطابق گزشتہ ماہ سائٹ کے علاقے میں نوجوان احمد گل کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، ابتدائی طور پر واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف سائٹ بی تھانے میں درج کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تفتیش کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور تکنیکی بنیادوں پر قتل کا معمہ حل کیا گیا۔ قتل ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ نکلا، مقتول کو چھینا جھپٹی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔گرفتار ملزم کی شناخت عبد الرحمن ولد اللہ داد کے نام سے کی گئی جس کے قبضے سے مقتول کا چھینا گیا موبائل فون برآمد کرلیا گیا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی