i پاکستان

کراچی کی بندرگاہوں کیلئے تاریخی مراعاتی پیکج کا اعلانتازترین

August 05, 2026

وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے پاکستان کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ حب بنانے کیلئے ایک جامع پالیسی متعارف کراتے ہوئے کراچی کی بندرگاہوں کیلئے تاریخی ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹرانس شپمنٹ کارگو کی ہینڈلنگ لاگت میں تاریخی کمی لانا اور بحری تجارت کو فروغ دینا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ بحری امور نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق بحری شعبے میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے، اور چیئرمین کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی قیادت میں بندرگاہی تجارت کو بھرپور فروغ ملا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ٹرانس شپمنٹ جہازوں کو پورٹ ہینڈلنگ چارجز میں 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی، جبکہ تمام پرانے ٹرانس شپمنٹ ایس آر اوز اور نوٹیفکیشنز فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل ریٹائرڈ شاہد احمد نے بتایا کہ زیادہ ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو زیادہ مراعات دی جائیں گی، جس سے جہازوں کے ٹرن ارائونڈ ٹائم میں تاریخی کمی آئے گی۔نئے مراعاتی پیکج کے تحت کراچی پورٹ پر وہارفیج میں 20 سے 80 فیصد تک رعایت دی گئی ہے، جہاں کراچی پورٹ پر 14 روز جبکہ ٹی پی ایکس ایریا میں 30 روز تک فری اسٹوریج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اسی طرح پورٹ قاسم پر وہارفیج میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی، اور پورٹ قاسم کے ٹرمینلز پر 7 روز مفت اسٹوریج ہوگی جس میں 21 روز تک توسیع کی جا سکتی ہے۔ مزید برآں، کنٹینر ٹرمینلز نے بھی مسابقتی ماحول پیدا کرنے کیلئے ٹرمینل ہینڈلنگ چارجز میں 25 فیصد تک کمی کر دی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی