کراچی کی مقامی عدالت نے خاتون کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے کیس میں ملزم کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی ارشاد حسین نے ڈیفنس کے علاقے سے خاتون کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم فیاض کو عمر قید کی سزا سنا دی جبکہ ملزم پر دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ جرمانے کی رقم مقتولہ کی ورثا کو ادا کی جائے۔عدالت نے عدم شواہد کی بنا پر شریک ملزمہ نسرین کو کیس سے بری کر دیا۔مقامی عدالت نے نے ریمارکس دئیے کہ ملزمہ نسرین کے خلاف کوئی شواہد نہیں ملے ہیں، محض شریک ملزم کے بیان پر سزا نہیں دی جا سکتی ہے۔پراسکیویشن نے دلائل دئیے کہ ملزم فیاض نومبر 2020 میں ڈیفنس کے علاقے فیز 7 سے انصار بی بی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا، ملزم نے ابراہیم حیدری لے جا کر مقتولہ کو زیادتی کے بعد چھری کے وار سے قتل کر دیا تھا جبکہ مقتولہ کی لاش ایک ماہ بعد ملزم کی نشاندہی پر برآمد ہوئی تھی۔واضح رہے کہ ملزم کے خلاف گذری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی