کراچی میں انتظامیہ کی نااہلی کے باعث کیفے پیالہ ہوٹل کے سامنے گجر نالے کے قریب ایک گاڑی کھلے نالے میں جا گری،جس کے نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نالے میں گرنے والی گاڑی کو کرین کی مدد سے باہر نکال لیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نالہ طویل عرصے سے کھلا پڑا ہے اور اس سے قبل بھی یہاں کئی بچے گر کر زخمی ہو چکے ہیں۔مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے نالے کو ڈھانپنے یا حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا، جو حکام کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی