i پاکستان

کراچی، فارم ہائوس پر ایم پی اے کی موجودگی میں شدید ہوائی فائرنگ ،ویڈیووائرلتازترین

April 02, 2026

کراچی کے ایک نجی فارم ہائوس پر ڈسٹرکٹ کیماڑی کے صدر اور ایم پی اے لیاقت آسکانی کی موجودگی میں شدید فائرنگ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق شہر کے ایک نجی فارم ہائو س پر ڈسٹرکٹ کیماڑی کے صدر اور ایم پی اے لیاقت آسکانی کی موجودگی میں قانون کی سرعام خلاف ورزی کی ویڈیو سامنے آگئی ہے، جس میں پولیس اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود کارکنان کو شدید ہوائی فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لیاقت آسکانی اور ان کے کارکنان گانوں کی دھن پر پکنک منا رہے ہیں۔ جیسے ہی ایم پی اے لیاقت آسکانی نے سوئمنگ پول میں چھلانگ لگائی، انہیں خوش کرنے کے لیے وہاں موجود کارکنان نے خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند ہوائی فائرنگ شروع کر دی۔لیاقت آسکانی پانی میں تیراکی کرتے رہے جبکہ ان کے گرد موجود افراد مسلسل گولیاں چلاتے اور خوشی کا اظہار کرتے رہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جب ایک کارکن کی گولیاں ختم ہوتیں تو دوسرا فائرنگ شروع کر دیتا، اور یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ فارم ہاوس میں پولیس موبائل اور مسلح اہلکار بھی موجود تھے، لیکن انہوں نے فائرنگ روکنے کے بجائے خاموشی اختیار کیے رکھی۔ذرائع کے مطابق اس پکنک کی مختلف ویڈیوز عہدیداروں نے اپنے صفحات پر اپلوڈ کیں، تاہم لیاقت آسکانی کے اپنے پیج پر صرف وہ حصے شیئر کیے گئے جن میں فائرنگ شامل نہیں تھی۔پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عام طور پر ہوائی فائرنگ کی ویڈیو وائرل ہونے پر فوری مقدمات درج کیے جاتے ہیں اور اکثر اوقات اقدامِ قتل کی دفعات بھی لگائی جاتی ہیں، لیکن اس بااثر شخصیت اور پولیس کی موجودگی میں ہونے والی فائرنگ پر تاحال کوئی قانونی کارروائی سامنے نہیں آئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی