کراچی بندرگاہ سے یورپ کیلئے براہ راست شپنگ سروس بحال کر دی گئی۔وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ 7 یورپی بندرگاہوں کے لئے شپنگ رابطہ بحال کر دیا گیا ہے۔اپنے بیان میں جنید انوار چوہدری نے کہا کراچی گیٹ وے ٹرمینل سے یورپ کیلئے ہفتہ وار شپنگ رابطہ بحال ہوا ہے، ایم ایس سی نے پریمیم آئی پاک سروس دوبارہ شروع کر دی، اس براہ راست یورپی شپنگ سروس سے برآمدکنندگان کو ریلیف ملے گا۔انھوں نے کہا کراچی پورٹ سے شپنگ سروس کی بحالی برآمدی صنعت کیلئے اہم پیش رفت ہے، اس سے یورپ کیلئے ٹیکسٹائل سمیت برآمدی سامان کی ترسیل مزید بہتر ہوگی، قابل اعتماد شپنگ رابطے برآمدکنندگان کے لئے انتہائی اہم ہیں۔وزیر بحری امور نے کے پی ٹی چیئرمین اور کے جی ٹی ایل انتظامیہ کی کاوشیں قابل تحسین قرار دیں، چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے کہا کہ بحری لاجسٹکس نظام مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، اور کراچی سے یورپ کی اہم منڈیوں تک رسائی بہتر ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی