کراچی کے علاقے بلدیہ کالونی میں فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور دو مرد شامل ہیں جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی ہے، جاں بحق افراد کی شناخت 60 سالہ عابد علی، 50 سال مریم، اور 20 سالہ زوہیب کے نام سے ہوئی ہے، جاں بحق افراد میں میاں،بیوی اور بیٹا شامل ہیں۔پولیس کے مطابق زخمی خاتون کی شناخت 35 سالہ فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے، لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ دشمنی اور لڑائی جھگڑے کا لگ رہا ہے، کرائم سین یونٹ کو جائیوقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔دوسری جانب سائٹ سپرہائی وے کے علاقے میرٹھ سوسائٹی اسکیم 33 میں ڈاکووں کی فائرنگ سے 16 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے لڑکے کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے لڑکے کی شناخت 16 سالہ ایان ولد عمران کے نام سے کی گئی، واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے، مقتول ایان کو سامنے سے پیٹ میں ایک گولی لگی ہے۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے موقع پر پہنچ گئے تھے، مزکورہ سوسائٹی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، ڈاکووں کا سوسائٹی میں اس طرح داخل ہونا اور پھر واردات کر کے وہاں سے نکلنا بظاہر مشکل دکھائی دے رہا ہے تاہم تحقیقات کر رہے ہیں۔مقتول کے رشتے دار نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم ڈاکووں نے گھر میں گھس کر لوٹ مار شروع کر دی، ایان جو اپنے کمرے میں آن لائن اسٹڈی کرتے کرتے سو گیا تھا اس کی اچانک آنکھ کھل گئی جس پر ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ایان ڈاکووں کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔مقتول کے گھر والوں نے بات چیت کرنے سے انکار کر دیا جبکہ پولیس کو بھی گھر والوں نے واقعے کی اطلاع نہیں دی تھی۔پولیس خفیہ اطلاع پر موقع پر پہنچی تھی جبکہ گھر والوں نے پولیس کو بھی ڈکیتی کے دوران واقعہ پیش آنے کا بتایا ہے، تاہم پولیس معمہ سلجھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی