i پاکستان

کراچی‘ بھائی نے غیرت کے نام پر جوان بہن کو سر میں گولی مار کر قتل کردیاتازترین

September 21, 2026

اورنگی ٹاون میں بھائی نے غیرت کے نام پر نوجوان بہن کو سر پر گولی مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے میں مکان نمبر 466 سیکٹر 10 بسم اللہ کالونی اورنگی ٹاون میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہوگئی ، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 17 سالہ زرقا بی بی دختر محمد رئیس خان کے نام سے کی گئی ، جسے اس کے بھائی سفیر خان نے غیرت کے نام پر سر پر ایک گولی مار کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ نے کسی شخص سے نکاح کر لیا تھا ، گزشتہ شب جب اس نے اپنے نکاح کے بارے میں گھر والوں کو بتایا اور اپنا نکاح نامہ دکھایا تو مقتولہ کے بھائی اور دیگر رشتے دار طیش میں آگئے ۔ رشتے داروں نے مقتولہ کے بھائی سفیر خان کو قتل کرنے کے لیے اکسایا، جس پر اس نے مقتولہ کے سرپر گولی مار کر قتل کر دیا ۔پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی