کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک سے منسلک کارندے کو گرفتار کر کے 18 کلو سے زائد چرس برآمد کرلی۔ ترجمان ایس آئی یو کے مطابق پولیس نے عیدگاہ کے علاقے میں بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش عمران ولد اشرف کو گرفتار کر کے 18 کلو 380 گرام چرس برآمد کرلی۔ تفتیش میں مزید انکشاف ہوا کہ گرفتار منشیات فروش پشاور ، خیبرپختونخوا کے بدنام زمانہ منشیات فروش و سپلائر ظر خان سے بڑی مقدار میں منشیات خریدتا تھا اور اس کے نیٹ ورک جو کہ کے پی کے میں ہے وہاں سے کراچی بڑی مقدار میں منشیات اسمگل کرتا تھا۔ بعد ازاں کورنگی ، لانڈھی ، سہراب گوٹھ ، الآصف اسکوائر ، صدر اور اولڈ سٹی ایریا سمیت دیگر علاقوں کے مقامی خریداروں کو فروخت کرتا تھا۔ ایس آئی یو پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔دوسری جانب ایس آئی یو اور سی آئی اے نے تھانہ سمن آباد کی حدود میں ایک مشترکہ اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے سر کی قیمت والے انتہائی مطلوب اشتہاری ڈاکو کو گرفتار کر لیا ۔
ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق گرفتار خطرناک ملزم کی شناخت سید عبدالحسن کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم بدنام زمانہ پارہ چنار بینک ڈاکو گروہ کا سرگرم رکن اور اشتہاری مجرم ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک ریپیٹر گن بھی برآمد کی ہے، جو ایک بینک ڈکیتی کے دوران سیکیورٹی گارڈ سے چھینی گئی تھی۔ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزم سال 2019 اور سال 2025 میں کراچی میں ہونے والی 3 بڑی بینک ڈکیتیوں کی وارداتوں میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھا، جبکہ اس سے برآمد ہونے والا ہتھیار سال 2025 میں نارتھ ناظم آباد میں ایک بینک ڈکیتی کے دوران سیکیورٹی گارڈ سے چھینا گیا تھا۔ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں بشمول ڈیفنس، گلشنِ اقبال اور نارتھ ناظم آباد میں سنگین دفعات کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔تازہ کارروائی کے بعد گرفتار خطرناک ڈاکو کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں بھی نئی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بدنام زمانہ ڈکیت گروہ کے دیگر روپوش ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی