i پاکستان

کراچی، آئس اور ہیروئن بیچنے والے گینگ کا سرغنہ 2 ساتھیوں سمیت گرفتار ، 105 گرام آئس اور 16 گرام ہیروئن برآمدتازترین

May 21, 2026

نیو کراچی پولیس نے سیکٹر 11 میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب منشیات فروش گروہ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔نیو کراچی پولیس نے سیکٹر 11 سے گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 105 گرام آئس اور 16 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے، گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ عمران مچھیارہ، حسین عرف اللہ رکھا اور وقاص شامل ہیں۔ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران کے مطابق یہ ملزمان مختلف علاقوں سے آئس اور ہیروئن جیسی مہلک منشیات لا کر نیو کراچی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سپلائی کرتے تھے اور طویل عرصے سے اس مکروہ دھندے میں ملوث ہیں۔ ملزمان پہلے بھی کئی بار منشیات فروشی کے جرائم میں جیل جا چکے ہیں۔

دوران تفتیش ملزمان کے نیٹ ورک کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ سرغنہ عمران مچھیارہ اپنے کارندوں کو منشیات بیچنے کے بدلے دو وقت کا کھانا اور نشہ فراہم کر کے انہیں اس لت میں مبتلا رکھتا تھا اور ان سے کام لیتا تھا۔اس کے علاوہ ملزم نے پولیس کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ایک انوکھا نظام بنا رکھا تھا، وہ علاقے کی متعدد خواتین کو روزانہ ایک ہزار روپے خرچہ دیتا تھا، جس کے بدلے یہ خواتین پولیس کی آمد یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فورا ملزم تک پہنچاتی تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں سمیت پورے سپلائی نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی