i پاکستان

کولمبیا کا 2016 کا معاہدہ دیرپا امن اور ترقی کیلئے جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے، عاصم افتخارتازترین

April 22, 2026

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ کولمبیا کا 2016 کا امن معاہدہ دیرپا امن، استحکام اور ترقی کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے،طویل تنازع کے بعد امن معاہدے پر عملدرآمد ایک پیچیدہ مرحلہ ہوتا ہے، تاہم کولمبیا اس حوالے سے پیش رفت کر رہا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔اقوا م متحدہ میں منعقد ہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب نے اقوامِ متحدہ کے تصدیقی مشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کولمبیا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ امن معاہدے پر مکمل اور موثرعملدرآمد ہی ان علاقوں میں استحکام لا سکتا ہے جہاں اب بھی سکیورٹی چیلنجز موجود ہیں

اور یہی عمل عوام کے اعتماد کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے سابق جنگجوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے، متاثرہ افراد کی بحالی، اور سکیورٹی اقدامات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ پاکستان نے حالیہ پارلیمانی انتخابات کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ صدارتی انتخابات بھی پرامن اور شفاف انداز میں منعقد ہوں گے۔ دوسری جانب، پاکستان نے مسلح گروہوں کی جانب سے تشدد اور حملوں، خصوصا سابق جنگجوں اور سیاسی و سماجی رہنمائوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تشدد ترک کریں، قانون کی پاسداری کریں اور امن عمل کو آگے بڑھائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی