i پاکستان

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش، نشیبی علاقے زیر آب،کراچی میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکانتازترین

February 17, 2026

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔قلات، خضدار، پشین، قلعہ عبداللہ اور خاران میں جم کر بادل برسے، کیچ، تربت، پنجگور، زیارت، چمن، قلعہ سیف اللہ اور کچھی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، گوادر، آواران ،پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ ،حب اور بارکھان میں بھی برسات ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آ ئندہ24گھنٹوں میں بھی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم سیکم درجہ حرارت 18.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنیکا امکان ہے۔ڈائریکٹر پی ایم ڈی انجم نذیر کے مطابق کراچی میں دوپہر کے وقت ہلکی اور معتدل بارش ہو سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا رمضان المبارک کے دوران کراچی میں شروع کے ایک دو دن گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی تاہم شہر کا موسم مجموعی طور پر خوشگوار رہے گا۔

دوسری جانب شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس نے مختلف شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کردیا۔ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق لاہور تا سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو دھند کی شدت کے باعث بند کردیا گیا ہے، جبکہ موٹروے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے کیونکہ شدید دھند ڈرائیونگ کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اور حدِ نگاہ کم ہونے سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔موٹر وے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ترجمان کے مطابق دھند کے موسم میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دی جائے۔سید عمران احمد نے مزید بتایا کہ محفوظ اور بہتر سفری وقت صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہے، جب حدِ نگاہ نسبتا بہتر ہوتی ہے۔ موٹر وے پولیس صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور موسم بہتر ہوتے ہی موٹرویز کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی