یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبد الرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد گزشتہ روز گوادر سے کوئٹہ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق دونوں اعلی عہدیدار اپنی سرکاری گاڑی میں کوئٹہ کیلئے روانہ ہوئے تھے، تاہم راستے میں ان سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ یونیورسٹی ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں افسران کو سرکاری گاڑی سمیت مستونگ کے علاقے سے اغوا کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ دونوں افسران کی فیملیز سے مسلسل رابطے میں ہے۔ڈی سی کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ مستونگ کے گردونواح میں پہنچنے کے بعد ان کا رابطہ منقطع ہوا، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ پولیس اور سیکیورٹی ادارے لاپتہ افسران کی بحفاظت بازیابی کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی