جامعات کی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے کیو ایس نے دنیا بھر کی جامعات کی درجہ بندی 2027 جاری کر دی۔ درجہ بندی کے مطابق اس سال بھی پاکستان کی ایک بھی جامعہ دنیا کی 350 بہترین جامعات میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ، 2 وفاقی جامعات قائدِ اعظم یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی اپنی گزشتہ برس کی درجہ بندی بھی برقرار نہیں رکھ سکیں۔ کیو ایس عالمی درجہ بندی 2027 میں پاکستان کی 18 جامعات کو عالمی سطح کے 1504 اعلی اداروں میں شامل کیا گیا۔ درجہ بنادی کے مطابق قائدِ اعظم یونیورسٹی گزشتہ برس 354 ویں نمبر پر تھی مگر 2027 کی درجہ بندی میں 381 نمبر پر آگئی، دوسری جانب نیشنل یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی (نسٹ) 371 ویں نمبر سے 384 اسی طرح پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ایپلائڈ سائنز 721 سے 560، جبکہ پنجاب یونیورسٹی جو 542 ویں نمبر پر تھی اب 588 نمبر پر آگئی ہے۔یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) 555 ویں نمبر سے 608 ، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد 654 ویں نمبر سے 629 ، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 664 ویں نمبر سے 639 پر آگئی ہے۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد 691، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ایپلائڈ سائنز 721 ویں نمبر پر رہی، یونیورسٹی آف انجینئرننگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور 791، آغا خان یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف پشاور 951، بہاالدین ذکریہ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاہور 1001، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف کراچی اور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ لاہور 1201 جبکہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور 1401 نمبر پر رہیں۔ سندھ کی صرف ایک یونیورسٹی جامعہ کراچی دنیا کی 1500 جامعات میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی جب کہ بلوچستان کی کوء یونیورسٹی جگہ نہیں بنا سکی۔دوسری جانب دنیا کی 10 بہترین جامعات میں میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی امریکا پہلے، امپیریل کالج لندن برطانیہ اور اسٹین فورڈ یونیورسٹی امریکا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہیں، جبکہ تیسرا نمبر کسی کو نہیں دیا گیا۔ یونیورسٹی آف آکسفورڈ برطانیہ چوتھے، ہارورڈ یونیورسٹی امریکا پانچویں، کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ چھٹے، کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی امریکا ساتویں، ای ٹی ایچ زیورچ آٹھویں جبہ نواں نمبر کسی کو نہیں دیا گیا اور یو سی ایل لندن آٹھویں نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور دسویں نمبر پر رہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی