مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خود کو عہدے سے ہٹانے کی خبریں دیکھ کر حیرانگی ہوئی ، بطور ترجمان وزیر اعلی جو بھی بیان دیتا ہوں وہ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے ہوتا ہے، ابھی اس وقت تک میں حکومت کا ترجمان ہوں۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز خیبر میں رونما ناخوشگوار واقعے کے بعد ایم پی ایز کو مدعو کیا، کے پی اسمبلی کے اراکین نے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور پر اعتماد کیا اور کہا کہ آپ اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی اور دیگر جماعتوں کے سربراہان جرگے میں موجود تھے ہم سب کا مقصد بات چیت اور افہام و تفہیم سے تنازع کا پرامن حل نکالنا ہے پشتون تحفظ موومنٹ پر وفاقی حکومت کی جانب سے لگائی گئی پابندی کے حوالے سے سوال پر بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی ایم پر پابندی وفاقی حکومت نے لگائی ہے لہذا اس پر میں رائے نہیں دے سکتا، صوبائی حکومت صرف کشیدگی کم کرنے کیلیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی