i پاکستان

خواتین سائنس و ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، صدر مملکتتازترین

February 11, 2026

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خواتین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خواتین کو تعلیم اور سائنسی قیادت میں مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئےCEDAW کے تحت اپنے وعدوں پر قائم ہے۔ آصف علی زرداری نے سائنس میں خواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی خواتین کی صلاحیت، عزم اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ ملک کے جامعات میں خواتین طلبا کا تناسب 50 فیصد سے تجاوز کر جانا ایک خوش آئند امر ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین تعلیم اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی خواتین انجینئرنگ، میڈیکل ، کمپیوٹنگ اور بایوٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق کی قیادت کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامسٹیک کے پلیٹ فارم کے تحت مسلم دنیا میں سائنسی تعاون کو فروغ دینے میں خواتین کا موثر کردار قابلِ ستائش ہے۔ صدرِ مملکت نے نرگس ماولوالا، تسنیم زہرا حسین اور مہیرہ عبدالغنی جیسی ممتاز سائنسدانوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ خواتین کی سائنسی پیش رفت سے صحت، ماحولیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں بہتری ممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین پاکستان کے سائنسی مستقبل کو مزید مضبوط اور روشن بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کرتی رہیں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی