خیرپور کے نواحی گائوں سعید لاکو میں پولیس کی جانب سے ڈرون کے ذریعے ڈاکوئو ں کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے شدید احتجاج کیا۔پولیس کے مطابق خیرپور کے نواحی علاقے گائوں سعید لاکو میں ڈاکوئوں کے خلاف کارروائی کے دوران ڈرون کا استعمال کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر ڈاکوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ واقعے کی نوعیت اور ہلاکتوں کی تفصیلات جاننے کے لئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔واقعے کے بعد دھاریجہ برادری کے افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ کو بلاک کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی