خیبر پختونخوا کی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے پرفارمنس الاونس میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق خیبر پختونخوا کی حکومت نے اٹارنی کیڈر افسران کے پرفارمنس الانس میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کو 60 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کر دیا ہے۔ خیبر پختونخوا کابینہ نے اٹارنی کیڈر افسران کے الاونس میں اضافے کی باضابطہ منظوری بھی دے دی ہے۔ اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پرفارمنس الاونس 2022 کی ابتدائی بنیادی تنخواہ کے مساوی دیا جائے گا تاہم اس میں پنشن اور گریجویٹی شامل نہیں ہوگی جب کہ پرفارمنس الاونس انکم ٹیکس کے دائرہ اختیار میں بھی ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق ایکسٹرا آرڈنری چھٹیوں، طویل رخصت یا معطلی کے دوران الانس قابل ادائیگی نہیں ہوگا۔ اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ غیر اٹارنی کیڈر افسران، مارکیٹ بیسڈ یا خصوصی پیکیج پر تعینات افسران اٹارنی پرفارمنس الانس کے مستحق نہیں ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی