i پاکستان

خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے پولیس چوکیوں پر حملے پولیس کی بروقت کارروائی سے ناکامتازترین

March 16, 2026

خیبر پختونخوا میں پولیس کی بروقت کارروائیوں کے نتیجے میںفتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دئیے گئے،دوسری جانب ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی میں کرفیو نافذ کردیا گیا ،گاڑیوں،موٹر سائیکل کی آمدورفت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق تھانہ منڈان کی حدود میں واقع پولیس چوکی فتح خیل پر رات کی تاریکی میں دہشت گردوں کے ایک گروہ نے حملے کی کوشش کی، تاہم چوکی پر تعینات پولیس جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور الرٹ پوزیشن کے باعث فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔ گزشتہ شب تقریبا 2 بجے پولیس چوکی فتح خیل کے گردونواح میں تھرمل کیمروں کے ذریعے 15 سے زائد شرپسند عناصر کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی، جہاں دہشت گرد چوکی کے سامنے جنگل میں پوزیشن لینے کی کوشش کر رہے تھے۔چوکی پر موجود پولیس پارٹی پہلے ہی ہائی الرٹ تھی، جس نے فوری طور پر دہشت گردوں پر بھرپور فائرنگ شروع کر دی۔پولیس کی اس اچانک اور شدید جوابی کارروائی سے دہشت گرد حواس باختہ ہو گئے اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پسپائی اختیار کر کے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

ڈی آئی جی بنوں ریجن نے کامیاب کارروائی پر پولیس جوانوں کی ہمت اور بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس چوکی فتح خیل کے جوانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا بروقت استعمال اور جوانوں کی مستعدی نے شرپسندوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ۔ ور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔دریں اثنا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔دوسری جانب سخی پل چوکی پر بھی دہشت گردوں کا ایک حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ ایس پی وارسک کے مطابق قبائلی ضلع خیبر سے پشاور کی پولیس چوکی پر حملے کی کوشش کی گئی، تاہم جوان پہلے سے الرٹ تھے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں دفعہ 144کے تحت صبح 6 سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق صبح 6سے شام 6 بجے تک لگے رہنے والے کرفیو کے دوران گاڑیوں اور موٹر سائیکل کی آمدورفت پر پابندی ہوگی جب کہ اس دوران پوٹہ اور ہتھالہ بازار بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کرفیو کے دوران شہریوں کی نقل و حرکت اجازت سے مشروط ہوگی۔ کرفیو کے دوران شہریوں کو کاغذات ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی