خیبرپختونخوا اورآزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے ۔مانسہرہ، سوات، مالاکنڈ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مظفرآباد، نکیال آزاد کشمیر، وادی نیلم میں بھی ہلکی و تیز بارش ہوئی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ مرناٹ کے مقام سے بند ہوگئی۔ادھر نالہ جاگراں میں طغیانی کے باعث کنڈل شاہی پاور ہاس بند ہوگیا جس کے سبب متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔اس کے علاوہ لوئرکوہستان جیجال کے قریب شاہراہ قراقرم بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔
دوسری جانب سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جبکہ اسلام آباد اور لاہور میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آ ئندہ24گھنٹوں میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور مری سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، مانسہرہ، صوابی، چارسدہ اور باجوڑ میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی ہے۔دیر، چترال، مالاکنڈ اور سوات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ایبٹ آباد، ہری پور اور دیگر بالائی علاقوں میں تیز ہواں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بنوں، لکی مروت، کرک اور ڈی آئی خان میں بھی مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی