i پاکستان

خانیوال میں لرزہ خیز ڈکیتی، مزاحمت پر ماں اور 10 سالہ بیٹا قتلتازترین

April 23, 2026

خانیوال کے نواحی علاقے کوٹ مدینہ میں مسلح ڈاکوئوں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ماں اور اس کے کمسن بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ذرائع کے مطابق تھانہ کہنہ کی حدود میں نامعلوم ملزمان رات کے وقت ایک رہائشی گھر میں داخل ہوئے، 34 سالہ فرحانہ بی بی نے ڈاکوئو ں کی مزاحمت کی، جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، ان کا 10 سالہ بیٹا حسن، جو اپنی والدہ کو بچانے کی کوشش کر رہا تھا، گولیوں کا نشانہ بن کر زندگی کی بازی ہار گیا۔ملزمان واردات کے بعد گھر سے زیورات اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے

واقعے کے وقت گھر میں موجود دیگر دو بچے، 3 سالہ ہانیہ اور 4 سالہ شعبان، معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔اہل خانہ کے مطابق مقتولہ کا شوہر شاہ نواز روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے، اس اندوہناک واقعے کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا ہے اور اہل خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں۔کمسن بچے کے مطابق ملزمان نے خاتون کے کانوں سے زیورات بھی زبردستی اتروائے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں اور ملزمان کی تلاش کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی