چین اور پاکستان کے درمیان پانچ نئے معاہدوں پر دستخط ہو گئے ، ان معاہدوں کا مقصد بڑے بنیادی ڈھانچے کی اسمارٹ ڈیزاسٹر پریوینشن پر چین پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ مشترکہ لیبارٹری کے ذریعے قدرتی آفات کی روک تھام کے لئے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ چین کی ساوتھ ایسٹ یونیورسٹی، اور ممتاز پاکستانی اداروں کے درمیان دستخط کیے گئے یہ معاہدے آفات کے خطرے سے نمٹنے اور بنیادی ڈھانچے میں دونوں ممالک کے مابین مشترکہ تحقیق اور ترقی میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتے ہیں۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق یہ معاہدے بالترتیب بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز(بی یو آئی ٹی ای ایم ایس)، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ)، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی)پشاور کے درمیان طے پائے ہیں ۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق ان معاہدوں میں زلزلے کی انجینئرنگ، سٹرکچرل ہیلتھ کی نگرانی اور آفات کے خطرے میں کمی کی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تحقیق کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ توقع ہے کہ یہ تعاون مستقبل کے منصوبوں کے لئے ایک ٹھوس فریم ورک فراہم کرے گا، جس میں پاکستان میں نئی تحقیق اور ترقی کی سہولیات کا قیام بھی شامل ہے۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اس موقع پر فریقین نے مشترکہ لیبارٹری کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ حکومتوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے پالیسی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ معاہدوں میں ٹیلنٹ کے تبادلے کے پروگراموں اور آفات کی روک تھام کی ٹیکنالوجی کے لئے بین الاقوامی معیارات کی مشترکہ ترقی کے منصوبے بھی رکھے گئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی