i پاکستان

قدرتی آفات کے حوالے سے رواں سال 51 اضلاع ہائی رسک قرار، سب سے زیادہ خطرہ بچوں کو ہے،ڈاکٹر رابعہ جاویدتازترین

July 03, 2026

وفاقی وزارت صحت کی ڈیزاسٹر کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رابعہ جاوید نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال قدرتی آفات کے حوالے سے ملک کے 51 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔ ایک انٹرویو میں ڈاکٹر رابعہ جاوید نے کہا کہ ملک کے ایک بڑے حصے کو خشک سالی اور ہیٹ ویو جبکہ شمالی علاقوں کو شدید بارشوں، سیلاب اور طغیانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ڈاکٹر رابعہ جاوید نے بتایا کہ قدرتی آفات کے دوران سب سے زیادہ خطرہ بچوں کو لاحق ہوتا ہے۔ والدین سے اپیل ہے کہ وہ بارشوں کے دوران بچوں کو پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں کیونکہ بچے نہ تو سیلابی ریلوں کی شدت کا اندازہ لگا سکتے ہیں اور نہ ہی خود کو بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی، اگست اور ستمبر کے دوران خصوصی طور پر بچوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان مسلسل رابطہ جاری ہے۔ تمام صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ یقینی بنایا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی