i پاکستان

کے پی میں دہشتگردی سے متاثرہ اقلیتی خاندانوں کیلئے12کروڑ 60لاکھ روپے کے امدادی پیکیج کی منظوریتازترین

July 07, 2026

خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتی خاندانوں کی مالی معاونت کیلئے 12 کروڑ 60 لاکھ روپے کے امدادی پیکیج کی منظوری دیدی۔یہ فیصلہ وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری کی زیر صدارت اسسمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 173 درخواستوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں 167 مستحق افراد اور خاندانوں کے لیے مالی امداد کی منظوری دی گئی۔حکام کے مطابق زخمی افراد، بیوہ خواتین، یتیم بچوں، غیر شادی شدہ بیٹیوں اور معذور افراد کو امداد کا اہل قرار دیا گیا۔ تمام کیسز ضلعی اور محکمانہ سطح پر جانچ پڑتال کے بعد منظور کیے گئے، جبکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے ہر درخواست کی ازسرنو تصدیق بھی کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دو مختلف زمروں میں شامل کسی خاتون کو صرف ایک ہی زمرے کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی

مستقل معذوری کے سات کیسز بھی زیر غور آئے، جن میں سے چھ کیسز مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی سے مشروط طور پر منظور کر لیے گئے۔سسمنٹ کمیٹی نے مردان میں گوردوارہ سنگھ سبھا حملے سے متاثرہ خاندان کے لئے 40 لاکھ روپے امداد کی بھی منظوری دی، جبکہ شہید جگن ناتھ اور ان کی اہلیہ کے قانونی ورثا کو بھی مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ضلعی جانچ پڑتال کمیٹی کو ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ افراد کی مدد ریاستی، قومی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادریوں کے تحفظ، مذہبی آزادی اور فلاح و بہبودکیلئے اقدامات جاری رکھے گی اور ہر مستحق متاثرہ خاندان کو قانون کے مطابق مالی امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی