i پاکستان

کے الیکٹرک کے 3 ملازمین کے اغوا کا انکشاف، ملزمان سے لاکھوں کا کاپر برآمدتازترین

February 12, 2026

کراچی میں کے الیکٹرک کے عملے کے اغوا کی بڑی واردات ناکام بناتے ہوئے پولیس نے مقابلے کے بعد تین ملازمین کو بازیاب کرا لیا۔پولیس حکام کے مطابق کراچی میں کے الیکٹرک کے تین ملازمین کے اغوا کی واردات ناکام بنادی گئی، پولیس نے مقابلے کے بعد تمام مغویوں کو بازیاب کرا کر لاکھوں مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ صبح سویرے اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح ملزمان لائنز ایریا پہنچے اور کے الیکٹرک کی ٹیم کو یرغمال بنا کر اغوا کر لیا۔پولیس حکام کا بتانا تھا کہ ملزمان 3 ملازمین کو ان کی اپنی گاڑی میں بٹھا کر مختلف علاقوں میں گھماتے رہے جبکہ ملزمان کی اپنی گاڑی بھی ساتھ چلتی رہی۔

اس دوران ملزمان نے آرام باغ میں ایک دکان کے تالے کاٹ کر لاکھوں روپے مالیت کا کاپر اور دیگر سامان بھی نکالا۔پولیس حکام نے بتایا کہ اغوا کی گئی ٹیم نے ہوشیاری دکھاتے ہوئے مددگار ون فائیو کو اطلاع دی اور گاڑی میں لگے ٹریکر کی مدد سے پولیس کو اپنی لوکیشن بتائی۔جب ملزمان بوٹ بیسن کے علاقے میں پہنچے تو پولیس نے ناکہ بندی کر کے انہیں روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں 15 سے 16 گولیاں چلائی گئیں۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد بعد ملزمان کے الیکٹرک کی گاڑی چھوڑ کر اپنی گاڑی میں فرار ہو گئے۔ پولیس نے گاڑی کے پچھلے حصے میں موجود تینوں ملازمین کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے اور واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی