i پاکستان

جسٹس منصورکی بطور چیف جسٹس تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنیکی درخواست کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو ارسالتازترین

September 25, 2024

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کرنیکی درخواست پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے ندیم شبلی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آئین کے تحت سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج نے چیف جسٹس پاکستان بننا ہے، جسٹس منصور علی شاہ اب سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔ جسٹس عابد حسین چٹھہ نے درخواست کسی دوسرے بینچ کے روبرو لگانے کے لیے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ واضح رہے کہ 23 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنیکی درخواست پر اعتراض ختم کردیے تھے۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری جسٹس منصور علی شاہ کی تعیناتی کو متنازع بنا رہے ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ لاہور ہائی کورٹ حکومت کو جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔ بعد ازاں، عدالت نے درخواست پر عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے اسے سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی