i پاکستان

جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس پانچویں روز بھی معطل، راولپنڈی میں مختلف راستے بند،شہریوں کو مشکلات کا سامناتازترین

October 18, 2024

جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس جمعہ کو پانچویں روز بھی بند رہی،جبکہ راولپنڈی میں مختلف راستے بند ہونے کے باعثشہریوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی صدر اسٹیشن تا پاک سیکرٹریٹ تک میٹروبس سروس جمعہ کو مکمل طورپر معطل رہی ۔میٹروبس سروس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر تقریبا ایک لاکھ 25ہزار افراد میٹرو بس سروس استعمال کرتے ہیں۔ میٹرو بس سروس پانچ دن سے معطل ہے۔واضح رہے کہ پنجاب میں طلبہ کے احتجاج اور تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ آئینی ترامیم اور عمران خان کی قید کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال پر دوروز کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔ تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی بھی دی گئی ہے۔ تعلیمی اداروں پر عائد اس بندش کا اطلاق پلے گروپ سے لے کر یونیورسٹیوں تک ہر تعلیمی ادارے پر ہو گا اور اس سے دو کروڑ 60 لاکھ سے زائد طالب علموں کی نصابی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔پشاور روڈ پر چیئرنگ کراس کے قریب اور نال روڈ پر ایم ایچ کے قریب سڑک کے دونوں جانب رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں، سڑکوں پر ایک لائن ٹریفک گزرنے کے لیے فی الحال کھلی رکھی گئی ہے۔راولپنڈی کے داخلی راستوں پر بھی زیگ زیگ پکٹس قائم کرکے پولیس نفری تعینات کر دی گئی۔ مریڑھ چوک اور لیاقت باغ کی جانب جانے والے راستوں کو بند کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ راولپنڈی کے دیگر تمام راستے معمول کے مطابق کھلے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی