i پاکستان

جنرل کی تعیناتی ایک انتظامی مسئلہ ، اس کا اختیار وزیر اعظم کے پاس ہے،بلاول بھٹوتازترین

September 22, 2022

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت سیاست چمکا رہے ہیں جب ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔ نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جنرل کی تعیناتی ایک انتظامی مسئلہ ہے جس کا اختیار وزیر اعظم کے پاس ہے مگر عمران خان کی سیاست اسی ایک سوال کے گرد گھومتی ہے، وہ سیلابی صورتحال کے باوجود سیاست چمکارہے ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھرپور کام کررہی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال کے باعث فرانس سمیت مختلف ممالک نے بھرپور تعاون کا یقن دلایا ہے، سیلاب کے بعد آئی ایم ایف کو نئی شرائط پر بات کرنی چاہئے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب کا خصوصی ذکر کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، اس بات پر بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ہماری دعوت پر پاکستان تشریف لائے۔ دوسری جانب فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی، عالمی برادری کو پاکستان کی مدد کیلئے آگے آنا ہوگا۔ پاکستان میں سیلاب سے 1500سے زائد اموات ہوئیں، سیلاب کی وجہ سے صحت اور خوراک کے مسائل پیدا ہوگئے، پاکستان کو موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے30ارب ڈالر درکار ہیں۔ ایک سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اس وقت کوئی بھی رابطہ نہیں، بھارت کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کررہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی