i پاکستان

جی ایچ کیو حملہ کیس ،بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک حاضری پھر نہ ہوسکی،سماعت ملتوی ، شیخ رشید احمد بھی عدالت میں پیش ہوئےتازترین

April 07, 2026

جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منگل کو بھی ویڈیو لنک پر حاضری نہیں ہو سکی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، جس میں آج بھی عدالت اور جیل میں ویڈیو لنک سسٹم فعال نہ ہونے کی وجہ سے مسائل برقرار رہے۔سماعت کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل روبکار کے ذریعے حاضری لگائی گئی جب کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیش ہونے والے دیگر تمام ملزمان کو حاضری مکمل کرنے کے بعد عدالت سے واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔

اس موقع پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔بعد ازاں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی۔ اس کے علاوہ وکلا کی جانب سے کیس کے حوالے سے مشاورت کے لیے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی استدعا پر بھی سماعت ملتوی کردی گئی۔یاد رہے کہ کیس میں ا تک 119 میں سے 44 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں، تاہم ان 44 گواہوں میں سے تاحال کسی ایک پر بھی جرح مکمل نہیں ہو سکی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی