تحریک انصاف کے بانی رکن اور ماہر قانون حامد خان نے کہاہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان نے عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا،نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ عمران خان کو پہلے ہی کہا تھا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان پارٹی ہائی جیک کرنے آئے تھے،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اقتدار سے بیدخلی میں جہانگیر ترین اور علیم خان کا بڑا ہاتھ ہے، دونوں نے ہی عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا،حامد خان نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے دوریوں اور پھر قربت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے اختلاف جہانگیر ترین اور علیم خان کی پارٹی میں شمولیت اور قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس فائل کرنے پر تھا،انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسی کے خلاف وزیرِ اعظم کے ریفرنس پر واضح کر دیا تھا کہ ایماندار اور قابل جج پر ریفرنس مخصوص قوتوں نے کروایا ہے، جس کو وقت نے ثابت کر دیا،ان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین، علیم خان اور قاضی فائز عیسی کے معاملے میں میرا موقف درست تھا، صورت حال واضح ہونے پر عمران خان نے شاہ محمود کو میرے پاس بھیجا کہ سفر وہیں سے شروع کرتے ہیں جہاں سے چھوٹا تھا،رہنما تحریک انصاف حامد خان نے فواد چوہدری پر بھی وار کرتے ہوئے کہا کہ فواد بھیجے گئے ہیں، ان کا مقصد عمران خان اور پارٹی کو نقصان پہنچانا ہے، ان کا مقصد تھا عمران خان کو سزا ہوجائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی