جامشورو میں انڈس ہائی وے پر مسافر بس کو حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔جامشورو میں انڈس ہائی وے پر ٹپھوڑی پھاٹک کے قریب تیز رفتار مسافر بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک بزرگ شخص جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سیہون سے بدین جانے والی بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔حکام کا کہنا ہے کہ بس میں سوار 65 سالہ شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی