جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تناکا آکی ہیکو نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کی۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان اڑان پاکستان کے فائیو ایز فریم ورک کے تحت پاکستان اور جاپان کے ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے جائیکا کے صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے لئے جاپان کی ترقیاتی معاونت کو سراہا اور بنیادی ڈھانچے، توانائی، آبی وسائل، صحت، تعلیم، زراعت اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں جائیکا کے مسلسل تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔وفاقی وزیر نے وفد کو اڑان پاکستان اور اس کے فائیو ایز فریم ورک سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا محور برآمدات، ای پاکستان، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، توانائی و بنیادی ڈھانچہ اور مساوات و بااختیاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ جائیکا اور وزارتِ منصوبہ بندی کے درمیان قریبی رابطہ کاری کے ذریعے اڑان پاکستان کے اہداف سے ہم آہنگ اعلی اثرات کے حامل منصوبے تیار کیے جائیں۔انہوں نے تکنیکی ورکشاپس، جائیکا کے ٹوکیو ہیڈکوارٹر کے ساتھ باقاعدہ مشاورت اور مشترکہ رابطہ نظام کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی