i پاکستان

جے ڈی وینس کا وفد دو بار اسلام آباد آنے کو تیار، ایران کی تاخیر سے مذاکرات موخر ہونے کا انکشافتازترین

April 04, 2026

سفارتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کم کرنے کے لیے خاموش سفارتی کوششیں جاری ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک امریکی وفد براہ راست مذاکرات کیلئے دو مرتبہ اسلام آباد آنے کو تیار تھا، تاہم ایران کی جانب سے مزید وقت مانگنے کے باعث دونوں مواقع پر مذاکرات نہ ہو سکے۔سفارتی سطح پر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان متوازن موقف پر اتفاق پایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ریاض میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ایران کو موردِ الزام ٹھہرانے کی مخالفت کی اور مشترکہ بیان میں تبدیلیاں بھی کروائیں، جس پر بعض خلیجی ممالک نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔اسی طرح پاکستان نے آبنائے ہرمز میں بحری ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز سے اختلاف کیا اور برطانیہ کی قیادت میں ہونے والے بحری اجلاس میں شرکت سے بھی گریز کیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر حرمین شریفین کے دفاع کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے نزدیک پاکستان کی یہ سفارتی کوششیں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی