i پاکستان

حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا 27 واں یوم شہادت عقیدت واحترام سے منایاگیا، سول وعسکری قیادت کا زبر دست خراجِ عقیدت پیشتازترین

July 07, 2026

کارگل جنگ کے دوران وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کیحوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کی 27 ویں برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی گئی ،سول و عسکری قیادت نے شہید کو زبردست الفاظ میں میں خراج عقیدت پیش کیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برسی کے موقع پر افواج پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر، سربراہ پاک بحریہ اور فضائیہ کی جانب سے حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔7 جولائی 1999 کو حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود اپنی چوکی کا جرات و استقامت سے دفاع کیا اور شدید زخمی ہونے کے باوجود حوالدار لالک جان نے انخلا سے انکار کیا۔آخری سانس تک اپنے ساتھیوں کی قیادت کرتے ہوئے لالک جان نے دشمن کا مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہیکہ حوالدار لالک جان شہید کی لازوال قربانی بہادری، ثابت قدمی اور بے لوث خدمت کی روشن علامت ہے۔دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بھی حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں شہید کی بے مثال بہادری، جرات اور قربانی کو سلام عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم آج کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کی جرات اور عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے حملے روکے اور مادرِ وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہید کی بہادری اور حب الوطنی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، شہید کی قربانی آئندہ نسلوں کے لئے جرات و عزم کی روشن مثال ہے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ ہم اپنے بہادر سپوت لالک جان شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم کو اپنے عظیم سپوت لالک جان شہید کی قربانی پر فخر ہے، شہید کی قربانی پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن کی خاطر عظیم قربانی دی، دشمن کے حملے حوالدار لالک جان شہید کے حوصلے پست نہ کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کی بہادری، شجاعت اور فرض شناسی نسل نو کیلئے ایک قابل تقلید مثال ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، افواج پاکستان کے شہدا اور ان کے اہل خانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں، وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی نشان حیدر پانے والے ارض وطن کے بہادر سپوت حوالدار لالک جان کو یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت کیا اور کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے وطن کیلئے شجاعت اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کارگل کے محاذ پر حوالدار لالک جان شہید کی لازوال قربانی پر قوم کو رہتی دنیا تک فخر رہے گا، لالک جان شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا کہ لالک جان اور وطن کے دیگر شہدا ہماری شان اور پاکستان کے حقیقی محافظ ہیں، اگلے مورچوں پر جا کر دشمن کے سامنے ڈٹ جانے والے لالک جان نے غیر معمولی جرات اور حب الوطنی کی اعلی ترین مثال قائم کی، ان جیسے ہیرو ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حوالدار لالک جان شہید اور ملک کے تمام شہدا کے خاندانوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، ارض پاک کے امن اور خودمختاری کیلئے شہدا کی قربانیوں کا قرض کبھی نہیں اتارا جا سکتا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوت کی داستان شجاعت رہتی دنیا تک قوم کا فخر اور تاریخ کا اثاثہ رہے گی، نشانِ حیدر کا یہ عظیم وارث پاکستان کے عسکری وقار، قومی خودمختاری اور استحکام کی تابندہ علامت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی