صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ریڈیو سے وابستہ تمام پیشہ ور افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڈیو اعتماد، شمولیت اور سماجی ہم آہنگی کا موثر ذریعہ ہے، حکومت ریڈیو کے فروغ اور اس سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں جدید ذرائع ابلاغ کی تیز رفتار ترقی کے باوجود ریڈیو کی اہمیت آج بھی برقرار ہے اور یہ عوام تک مستند معلومات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان 26 زبانوں میں نشریات کے ذریعے قومی آواز کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے، جو ملک کے مختلف علاقوں اور ثقافتوں کو آپس میں جوڑنے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو عوامی خدمت اور معتبر معلومات کی علامت ہے اور روزمرہ زندگی میں عوام کا قابلِ اعتماد ساتھی ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ریڈیو اور مصنوعی ذہانت کا باہمی تعلق مستقبل کی نئی راہوں کی نوید ہے، نئی ٹیکنالوجیز کے ذمہ دارانہ استعمال سے ریڈیو کے ادارے مزید مضبوط اور موثر ہو سکتے ہیں۔صدر زرداری نے کہا کہ نوجوان سامعین میں بھی ریڈیو کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، جو اس میڈیم کی ہمہ گیر افادیت کا ثبوت ہے، ریڈیو نہ صرف ثقافتی اظہار کا موثر ذریعہ ہے بلکہ قومی مکالمے کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔صدرِ مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ریڈیو کے فروغ اور اس سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی