i پاکستان

حکومت نے فیصلہ کرلیا کے پی میں جو صورت حال ہے نہیں چل سکتی، طارق فضلتازترین

October 02, 2026

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ کے پی میں جو صورت حال ہے وہ نہیں چل سکتی۔ ایک انٹرویو میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لئے فیصلہ کن کوششیں کی جائیں گی جس کے نتیجے میں جو صورت حال سامنے آئے گی اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی بھی اس کارروائی کا حصہ ہے، ہوش کے ناخن نہ لئے گئے تو یہ ممکن ہے، کے پی میں ایمرجنسی لگی تو صوبائی حکومت کے اپنے اقدامات کی وجہ سے لگے گی، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا جو رویہ ہے اس میں اکیلے سہیل آفریدی کا کردار نہیں، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، سلمان اکرم جیسے سنجیدہ لوگ بھی شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایمرجنسی میں صوبائی حکومت کے ایگزیکٹو پاور معطل ہوجاتے ہیں، ایمرجنسی کے دوران صوبائی اسمبلی معمول کی قانون سازی کرسکتی ہے، ایمرجنسی آئیڈیل صورتحال نہیں یہ آخری آپشن ہوگا، کے پی حکومت سے متعلق ٹھوس شواہد موجود ہیں۔طارق فضل چوہدری نے کہا خیبرپختونخوا سے متعلق جو میڈیا پر بتایا جاتا ہے اس سے زیادہ سنگین حالات ہیں، اگلے دو سے چار دن میں پتا چل جائے گا کہ پی ٹی آئی کتنی سنجیدہ ہے، پی ٹی آئی کو سنجیدہ ہونا پڑے گا یا پھر عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی