i پاکستان

حیدرآباد، پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا، شہری سڑکوں پر نکل آئےتازترین

April 29, 2026

حیدر آباد شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا۔کئی ہفتوں سے پانی کی عدم فراہمی کے باعث پکاقلعہ، تین نمبر تالاب، ٹنڈو طیب، کمہار پاڑہ سمیت دیگر علاقوں کے مکین پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ۔ مکھی باغ، اوڈین سنیما اور پاور ہاس روڈ کے رہائشی بھی پانی کی قلت سے پریشان ہیں جہاں روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کروانے کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا جا سکا۔پانی کی طویل بندش کے خلاف متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے اسلام آباد چوک پر احتجاج کیا اور سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

مظاہرین نے احتجاج کے دوران فاضل اشیا جلا کر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور واٹر کارپوریشن کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک جانب شدید گرمی کی لہر جاری ہے تو دوسری طرف پانی کی عدم دستیابی نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ان کے مطابق کئی ہفتوں سے نہ صرف گھریلو استعمال بلکہ پینے کے پانی کی بھی شدید قلت ہے۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ پکاقلعہ واٹر سپلائی اور ہالاناکہ فلٹر پلانٹ پر بارہا شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی