i پاکستان

حیدرآباد، بجلی بحران پر شہری سڑکوں پر نکل آئے، حیسکو کے خلاف شدید احتجاجتازترین

June 19, 2026

حیدرآبا دکے علاقے ٹنڈو آغا میں کئی روز سے بجلی کی بندش اور خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ کئے جانے کے خلاف علاقہ مکینوں نے پھلیلی پل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے سڑک پر جمع ہو کر حیسکو انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فوری طور پر بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے کا ٹرانسفارمر کئی روز قبل خراب ہوگیا تھا تاہم متعدد شکایات کے باوجود اسے تبدیل نہیں کیا گیا جس کے باعث پورا علاقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلسل بجلی کی عدم فراہمی سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔احتجاج میں شریک شہریوں نے بجلی دو، بجلی دو کے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں بجلی کی طویل بندش کے باعث مجالس اور عزاداری کے انتظامات بھی متاثر ہو رہے ہیں جس سے عزاداروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔مظاہرین نے حیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ خراب ٹرانسفارمر فوری طور پر تبدیل کرکے علاقے کی بجلی بحال کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی