وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا جا رہا ہے اور حالیہ سیز فائر کا اعلان اور اس پر فوری عملدرآمد ایک بڑی کامیابی ہے۔ ایک انٹرویو میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزارتِ خارجہ اس تمام عمل میں بھرپور طور پر متحرک رہی۔عطا اللہ تارڑ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ وہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ دنیا کی مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے جو سفارتی پیش رفت کا نتیجہ ہے۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ عوام کو آئندہ پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔انہوں نے آج کا دن معرکہ حق کی طرح پاکستانی قوم کے لیے فخر کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹے اور آنے والے دن انتہائی اہم ہیں اور پاکستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بہت بڑی جنگ تھی جس سے پورا خطہ بچ گیا ہے، دیرپا امن کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت اولین ترجیح امن کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف ممالک سے رابطہ کیا، اپنے ہم منصب سے رابطے میں رہے، نائب وزیرِاعظم بھی مختلف ممالک میں گئے اور کامیابی حاصل کی، بزرگ کہتے تھے پاکستان بین الاقوامی سطح پر کردار ادا کرے گا، وہ وقت آگیا ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ جنگبندی معاہدے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیرِ اعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا جنگ بندی میں کامیاب ثالثی پر شکریہ ادا کیا۔شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن، مکالمہ اور علاقائی استحکام کے لیے عزم ایک بار پھر نمایاں ہوا ہے، ایران، امریکہ اور اتحادیوں کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، یہ کامیابی اعلی درجے کی دانشمندی، استقامت اور قیادت کی عکاس ہے۔انہوں نے مزید کہا پاکستان کی تعمیری سفارتکاری عالمی سطح پر موثر ثابت ہوئی ہے، پاکستان کو عالمی امن کے فروغ اور مثر سفارتکاری پر نوبیل انعام ملنا چاہیے، انہوں نے اسلام آباد مذاکرات کو دیرپا امن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔وفاقی وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ خطے میں بامعنی مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کا کردارہمیشہ سے قابلِ فخر ہے، پاکستان ہم آہنگی، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جبکہ مستقبل کے لیے امن اور شراکت داری پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق یہ بہترین سفارت کاری ہے اور اس اقدام کو نوبیل امن انعام کے لیے مثالی کیس قرار دیا جا سکتا ہے۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور بروقت اقدامات نے پورے خطے کو ایک ممکنہ بڑی تباہی سے محفوظ رکھا ہے۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی پر قومی قیادت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سیز فائر کے قیام میں مثر اور فیصلہ کن کردار ادا کیا، پاکستان کی مدبرانہ قومی قیادت نے ملک کی سفارتی ساکھ کو عالمی سطح پر مزید مستحکم کیا۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی متوازن اور فعال سفارت کاری نے عالمی برادری کو مثبت پیغام دیا کہ امن ہی ہماری اولین ترجیح ہے، اور یہ کامیابی مستقل قیامِ امن کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔سرفراز بگٹی کے مطابق ان کوششوں کے نتیجے میں جلد مکمل جنگ بندی اور پائیدار امن کی امید ہے، جبکہ یہ کامیابی پاکستان کے مثر بیانیے، دانشمندانہ فیصلوں اور عالمی اعتماد کا مظہر بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششیں قابل تقلید مثال بن چکی ہیں اور مستقبل میں بھی سفارتی کاوشیں تنازعات کے پرامن حل کی راہ ہموار کریں گی۔ادھر نگران وزیراعلی گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات میں حالیہ بحران کے دوران سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی اور خطے کے امور و ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی